جدُّنا آدمؑ و اُمُّنا حواؑ (ہمارے جد آدمؑ اور ہماری ماں حواؑ) کی تیسری اولادسیدنا شیثؑ ہے۔اُن سےپہلے حضرت ہابیلؑ کو اُن کے بھائی قابیل نے قتل کر دیا۔قابیل راندہءِ درگاہ رہا۔اُس کی اولاد بھی گمراہ اور سرکش تھی جو بعد ازاں طوفانِ نوح میں غرق ہوئی اور زمین اُن کی نحوست سے پاک ہو گئی۔حضرت ہابیلؑ لا ولد شہید ہو گئے تھے۔
سیدنا آدمؑ، اُمُّنا حواؑ دونوں اللہ کے حضور یقین کے ساتھ دعا فرماتے تھے کہ اللہ ان کو جانشین عطا کرے جو خَلق اور خُلق میں اُن کی نیابت کرے۔سیدنا شیث ؑ کی جب ولادت ہوئی تو آدمؑ کی عمرِ سعید130 سال تھی۔عبرانی میں اُن کا نام سیث ہے جس کا مطلب عطیہءِ خداوندی اور سریانی میں شیث ہے جس کا مفہوم پودا یا پھول ہے۔آپؑ اللہ کے نبی ؑ ہیں۔خَلق اور خُلق دونوں میں خلیفۃ اللہ کے ہمسر تھے۔آپؑ پر 50 کتابیں نازل ہوئیں۔تمام انسان آپؑ ہی کی اولاد ہیں۔ان 50 صحائف میں شریعت، طریقت، حقیقت، متاع، تعمیر، کسب ، ذراعت، آبپاشی، ایجاد، ہنر، الغرض ہر شعبہءِ حیات کے حوالے سے ہدایات تھیں۔آپؑ نے 912 سال دنیوی عمر پائی۔اللہ کے گھر کی تعمیر و آرائش کا بطور ِ خاص خیال فرمایا۔زمین کے باقی حصوں کو بھی اپنے قدومِ میمنتِ لزوم سے سرفراز فرمایا لیکن ذیادہ عرصہ بقعہءِ مبارکہ(مکہ مکرمہ) میں فروکش رہے جب آپؑ کا ارتحال ہوا تب آپؑ کی تدفین جبلِ ابو قبیس میں ہوئی جو روئے زمین پر پہلا پہاڑ ہے۔
مشہور مؤرخ اور سیرت نگار فلاویس یوسیفس تحریر کرتے ہیں
“حضرت شیثؑ نے اپنے اخلاف کو مختلف انواع کے ہنر اور علومِ فلکیات سکھائے” سیدنا آدمؑ اپنی ذریۃ کے لیے یہ پیشنگوئی چھوڑ گئے تھے کہ یہ کرہءِ ارض یعنی مستقرِ اولادِ آدمؑ آگ اور سیلاب سے تباہ ہو سکتا ہے۔سیدنا شیث ؑ نے اپنی نگرانی اور رہنمائی میں دو شعبوں کے بنیاد رکھی۔ایک کے ذمہ سفینہ سازی اور دوسرے کے ذمہ مبردات سازی کا کام لگایا۔ان شعبوں کے لیے آپؑ نے باقاعدہ معمل گاہیں تیار کروائیں۔آپؑ نے اپنی ایجاد کردہ چیزوں کا ریکارڈ دو بڑے بڑے ستونوں پر منقش اور مرتسم کروایا تا کہ آپؑ کی نسل اس کام کو آگے بڑھائے۔ولیم وہسٹن رقمطراز ہے کہ ہمیں سیدنا شیثؑ کے زمانے میں ڈیم بنانے کے آثار بھی ملے ہیں جو مصر میں ہیں۔
سیدنا شیث ؑ نے علمِ جغرافیہ کی بھی بَنا ڈالی تھی۔حکیم الامت علامہ اقبالؒ فرماتے ہیں
زندگی جہد است و استحقاق نیست
جز بعلمِ اَنفس و آفاق نیست
مسلسل جدوجہد کا نام زندگی ہے اور یہ جدوجہد بقائے انسانی اور فلاحِ معاشرہ کے لیے ہونی چاہیے۔روح فورم معاشرے کے تمام طبقات کے ساتھ مل کر جہدِمسلسل کو روا رکھنے کا خواہش مند ہے۔
زید گل خٹک
ایڈوائزر روح فورم

روح فورم، تھرڈ فلور، روف ٹاور، ڈی ایچ اے ٹو، سیکٹر اے، جی ٹی روڈ، اسلام آباد
فون نمبر: 051-5162023، موبائیل 0335-7771005
:ruhforum@gmail.com