جہاں بانی سے ہے دشوار تر کارِ جہاں بینی
جگر خوں ہو تو چشمِ دل میں ہوتی ہے نظر پیدا
اور زمانہ اس بات پر گواہ ہے کہ انسان بلاشبہ خسارے میں ہے ۔ہاں مگر وہ لوگ جو ایمان لائے، نیک اعمال کیے اور حق اور صبر کی تلقین کرتے رہے
“وہ خسارے میں نہیں رہیں گے“
یہ عارضی زندگی دائمی زندگی کے لیے ایک امتحان ہے۔ایمان و عمل کی بنیاد پر پرکھے جانے والا امتحان، جس کے لیے سزا اور جزا ہے، جنت و دوزخ ہے اور یہ ایک ایسا امتحان ہے جس کا نصاب ، سوالنامہ اور حل سب کچھ پہلے سے طے کر دیا گیا ہے۔زندگی کے ہر معاملےکا حل قرآن و سنت اور اجتہاد میں ہے اور اس کے لیے نبی کریم ؐ کی حیات ِ طیبہ تمام لوگوں کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دانشور، اساتذہ اور حکمران اسوہءِ حسنہ کی روشنی میں معاشرے کی رہنمائی کریں تا کہ امن و خوشحالی، حق و سچ اور صبر و شکر کی فضا قائم کی جاسکے۔لہذا اسوہءِ حسنہ کے احیاء و ترویج کے لیے ایک لیڈر شپ پلیٹ فارم قائم کیا گیا ہے جس کا نام Revival of Uswa e Hasana (RUH) Forum رکھا گیا ہے ،جسے عرف ِ عام میں روح فورم کہتے ہیں۔یہ فورم بنیادی طور پر سیرتِ طیبہ اور مستند احادیث کی علمی و عملی ترویج ہے۔روح فورم نے نبی کریم ؐ کے نقشِ قدم پر چلنے اور احادیث پرعمل پیرا ہونے کے لیے مرحلہ وار پروگرام اور منصوبے تشکیل دیے ہیں جن کے نتیجہ خیز اثرات فلاحی، تعلیمی اور کاروباری معاملات پر پڑیں گے

قوتِ عشق سے ہر پست کو بالا کر دے
دہر میں اسم ِ محمدؐ سے اجالا کر دے
تو مے دانی متاعِ من از کجا است
ایں شعاعِ آفتابِ مصطفیؐ است
کلام ِ اقبالؒ در حقیقت قرآن و حدیث کا ترجمان ہے۔علامہ اقبالؒ کے کلام اور قرآن و حدیث کو سمجھنے والے یہ جانتے ہیں کہ علامہ اقبالؒ کی بصیرت کا سرچشمہ نبی کریم ؐ کا اسوہءِ حسنہ ہے۔علامہؒ خود فرماتے ہیں
گرد لم آئینہ ءِ بے جوہر است روزِ محشر خوا ر و رسوا کن مرا
در بحر فم غیرِ قرآں مضمرات بے نصیب اس بوسہ ءِ پاکن مرا
لہذا فورم قرآن و حدیث اور وعشق و اتباع ِ رسولؐ کو فکرِ اقبال کی مدد سے عام کرنا چاہتا ہے۔حکمت ِ اقبالؒ وہ اثاثہ ہے جس کی مدد سے پیامِ مصطفیؐ پوری دنیا تک عملاً پہنچایا جا سکتا ہے۔
حکمت ِ اقبال ؒہی وہ موثر ذریعہ ہے جس کے تحت ہم اسوہءِ حسنہ کی عملی ترویج کر سکتے ہیں۔مسلمانوں کو تصورِ حبّ ِ رسولﷺ کے عملی پہلووں اور تقاضوں سے آگاہ کر سکتے ہیں اور نوجوانوں کو درسِ عزم دینے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔اہلِ اسلام کو اتحاد آشنا کر کے ان کی شناخت اور منزل رسائی کا سبق فکرِ اقبال ؒ کا لبِ ِ لباب ہے چنانچہ روح فورم بذریعہ راح یعنی
(Revival of Uswa e Hasana through Revival of Allama Iqbal Hikma)
آج کے مسائل سے نکلنے اور زندگی کے امتحان میں کامیابی کا بہترین لائحہ ءِ عمل ہے۔اسوہءِ حسنہ کی ترویج علامہ اقبالؒ کا ایسا خواب ہے جو عالمگیر سطح پر امن و خوشحالی کو یقینی بنا سکتا ہے
محروم ِ تماشا کو ، پھر دیدہءِ بینا دے
دیکھا ہے جو کچھ میں نے، اوروں کو بھی دکھلا دے