آبرؤئے ملت اسکول سسٹم ابتدائی سطح سے ہی بچوں میں مختلف کلبوں میں رکنیت کا شوق پیدا کرتا ہےتا کہ وہ اپنے شوق کے حصول کے ساتھ مثبت رجحانات کی طرف گامزن ہو سکیں۔ کچھ کلبس کے خصائص مندرجہ ذیل ہیں
- آئیڈیا کلب (Idea Club)
آئیڈیا یا نئی سوچ بچوں سے لے کر بڑوں کے اذہان تک جنم لیتی ہے۔یہ نئی سوچ ہی ہے جس کے باعث انسان ترقی کے منازل طے کرتا ہے گھوڑوں سے ہوائی جہاز کا سفر نئی سوچ “Idea” ہی کی بدولت ممکن ہوا ہے۔اِس ضمن میں کوشش کی جا رہی ہے کہ آئیڈیا کلب میں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو تحریک دینے کے لیے خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے اور اُنھیں اپنی شناخت کی اہمیت کا احساس دلاتے ہوئے بہتر انداز میں سوچنا اور سوچ کو عملی شکل دینے کے قابل بنانا ہے۔
- رائٹرز کلب (Writers Club)
اِس کلب کے ذریعے ننھے لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔اُن کی تحریروں کو میگزین میں شائع کیا جا رہا ہے ۔ اُن کی قلمی کاوشوں کی تراش کے بعد بہتر انداز میں پیش کر کے اُن کے خیالات بھی والدین ، اساتذہ اور دیگر احباب تک پہنچانے کو ممکن بنایا جاتا ہے۔ - میڈیا کلب (Media Club)
میڈیا کی ضرورت و اہمیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔گو کہ منفی رجحانات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے مگر اِس کے باوجود اِس کے مثبت پہلوؤں سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔میڈیا کلب کے ذریعے کوشش کی جاتی ہے کہ بچوں کو اچھے برے کی تمیز سکھائی جائے تا کہ وہ سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے بحرانوں سے خود کو محفوظ کرنے کے قابل ہو سکیں۔ - دانش کلب (Intellectual Club)
مشاہیرِ اسلام کے قلمی خزینوں میں نئی نسل کی رہنمائی کے لیے بہت سا مواد موجودہے۔اگر ہم اُس مواد کو آسان الفاظ میں بچوں تک پہنچائیں تو وہ نہ صرف اسلامی مفکرین کی شخصیات میں دلچسپی لینا شروع کریں گے بلکہ اُن کی طرح بڑے بڑے کام کرنے کے خواہشمند بھی ہوں گے ۔دانش کلب کا مقصد مشاہیرِ اسلام رومیؒ، غزالیؒ ، اقبالؒ کی تعلیمات کو دلچسپ اور آسان پیرائے میں طلبہ و طالبات تک پہنچانا ہے اورمستقبل کے دانشور پیدا کرنا ہے۔ - سائنس کلب (Science Club)
جدید سائنسی ،معاشرتی اور اقتصادی تقاضوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے بچوں کو ابتدائی سطح کے آسان تجربات کروائے جاتے ہیں جن سے اُن کی تخلیقی اور فکری صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں۔ - معلمین و مربین کلب (Teachers & Mentor Club)
تربیتِ اساتذہ کے حوالے سے ایسا کلب تشکیل دیا جا رہا ہے جو ان میں نہ صرف بین الاقوامی معیار کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں پیدا کرے گا بلکہ ان کے لیے سند اور ڈپلومے کا اجرا بھی ہو سکے گا۔ - والدین کلب (Parenting Club)
بچوں کی تربیت کے دوران جو جو امور قابلِ توجہ اور قابلِ غور ہیں ، والدین کلب کے ذریعے انھیں آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تا کہ وہ مؤثر انداز میں اپنے فرائض ادا کر سکیں۔ اپنے اجداد کے کارناموں پر تفاخر کی روایت کو زندہ کر کے کوشش کی جا رہی ہے کہ موجودہ حالات میں بھی مثبت رجحانات پروان چڑھ سکیں۔ - تعلیم بذریعہ تفریح کلب(Edutainment Club)
اگر بچوں کی تعلیم اور تفریح میں توازن برقرار رہے تو اُن کی شخصیت پر بہت عمدہ اثرات مرتب ہوتے ہیں۔بعض بچے دوسروں سے صرف اِس لیے پیچھے رہ جاتے ہیں کہ یا وہ پوری طرح تعلیم کی طرف راغب ہو جاتے ہیں یا پھر تفریح کی طرف۔یوں اُن کی شخصیت میں خلا پیدا ہو جاتا ہے۔ایجوٹینمنٹ کلب کا مقصد تعلیم و تفریح میں توازن برقرار رکھتے ہوئے بچوں کی علمی، نفسیاتی،تخلیقی سفر کو بہتر سے بہترین کی طرف گامزن کرنا ہے۔ گرمیوں کی تعطیلات میں خصوصی طور پر “سمر کیمپ” کا انعقاد ہوتا ہے۔مختلف پروگرامز کے ذریعے ہم نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ جدید لسانی، سائنسی و سماجی علوم سے روشناس کروایا جاتا ہے۔ - وائس اوور کلب (Voice Over Club)
یہ کلب مختلف تحریروں میں آواز کا جادو جگانے کا ہنر سکھاتا ہے۔قرآنی پیغامات ، کلامِ اقبالؒ، کلامِ رومیؒ اور اخلاقی پیغامات کو عمدہ آوازوں میں ڈھال کر پر کشش ویڈیوز بنائی جاتی ہیں۔
- سماجی کلب (Social Club)
مواخاتِ مدینہ اسوہءِ حسنہ کی وہ تابناک عملی مثال ہے جس کے تحت مہاجرین و انصار باہم متحد ہو گئے اور ان میں اخوت اور رواداری پروان چڑھی۔آج پاکستان کی خوشحالی اور بقا کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ تمام اکائیوں کو ان کے تشخص کے ساتھ تسلیم کرتے ہوئے مواخات کی لڑی میں پرویا جائے۔اس مقصد کے حصول کے لیے روح فورم اور ایمبلم اسکول سسٹم کے زیرِ اثر اجداد و اتالیق فورمز کا آغاز کیا گیا ہے ۔یہ فورمز اپنے اجداد اور روحانی پیشواؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے ناموں کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اورتعلیمی و تربیتی فلاحی منصوبوں کو پایہء تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام تر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔